نادرا موبائل ایپ لانچ ،گھر بیٹھے شناختی دستاویزات کی تمام کارروائی مکمل ہو گی

17 جنوری ، 2025

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر’’نادرا موبائل ایپ‘‘ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، آج 17 جنوری سے ’’پاک آئی ڈی ویب سائٹ‘‘ بند کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 3 نئے ریجنل سنٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات اب موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی،وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے۔ شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، اب تک ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا۔ اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے، 31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر فعال ہو جائیں گے۔