بھارت خلائی ڈاکنگ کا کامیاب تجربہ کر کے دنیا کا چوتھا ملک بن گیا

17 جنوری ، 2025

کراچی ( محمد منصف/اسٹاف رپورٹر) بھارت خلائی ڈاکنگ کا کامیاب تجربہ سے اہم سنگ میل حاصل کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بھارت نے خلا میں بغیر پائلٹ کے ڈاکنگ کو کامیاب تجربہ کیا اور اس طرح خلائی ڈاکنگ حاصل کرنے والا بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن گیا۔ ماہرین کی جانب سے یہ کارنامہ مستقبل کے مشنوں کے لئے اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ نئی دہلی نے عالمی خلائی طاقت کے طور پر اپنا مقام مضبوط کیا ہے اس سے قبل ریاست ہائے متحدہ امریکہ، روس اور چین وہ ممالک ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیت کو منواتے ہوئے خلائی ڈاکنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بھارت نے سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے یہ تاریخی لمحہ ہے کہ خلائی جہاز کی ڈاکنگ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تاریخی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن(ISRO)نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر بیان جاری کیا ہے کہ ہندوستانی خلائی ایجنسی کے مشن بنام Space Docking Experiment (SpaDex) میں 220کلو گرام کے دو چھوٹے خلائی جہازوں کو زمین کے نچلے مدار میں بھیجنا شامل تھا۔ ٹارگٹ اور چیزر نامی دو خلائی جہاز 30 دسمبر کو جنوبی آندھرا پردیش ریاست میں خلائی مرکز سے ہندوستانی ساختہ پی ایس ایل وی راکٹ کے ذریعے روانہ ہوئے۔جمعرات کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھئ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا بیان نشر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرو میں اپنے سائنسدانوں اور پوری خلائی ٹیم کو مصنوعی سیاروں کی خلائی ڈاکنگ کے کامیاب تجربے کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مزید کہا ہے کہ یہ آنے والے سالوں میں ہندوستان کے ڈاکنگ ٹیکنالوجی کے لئے ایک اہم قدم ہے۔