پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو9مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانا ہوگا، راجہ ناصر

17 جنوری ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ر کن مذاکراتی کمیٹی تحریک انصاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو نو مئی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانا ہوگا، ن لیگ کے رہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے چارٹر آف ڈیمانڈ ہمیں بعد میں دیا پہلے میڈیا کو جاری کر دیا،ہم ان کے مطالبات کی قانونی حیثیت دیکھیں گے،صحافی اور تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات بیرسٹر گوہر کے لیے بھی غیر متوقع تھی۔ن لیگ کے رہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ ہمیں یہ انفارمیشن تھی کہ سیکورٹی سے متعلق تمام پارٹیز کو مدعو کیا گیا تھا لیکن اس میٹنگ کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔وہاں جو بھی ملاقات ہوئی اس سے جو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں ہماری مصدقہ اطلاعات کے مطابق وہ غلط ہے اور اگر بات ہونی بھی ہو تو اس کے شروع ہونے کا لیول ہوتا ہے۔ ہوسکتا ہے انہوں نے وہاں کوئی درخواست کی ہو۔