کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف جھکائو کا تاثر غلط، ترجمان الیکشن کمیشن

23 جنوری ، 2025

اسلام آباد (آئی این پی ) الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن کا کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف جھکائو کا تاثر غلط ہے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے عادل بازئی سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کے فیصلے کو دوبارہ ویب سائٹ پر آویزاں کردیا۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تبصرہ نگار اپنی رائے سے قبل ایک دفعہ فیصلے کو غور سے پڑھ کر فیصلہ کریں کہ کونسا ادارہ جانبدار ہے۔ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن اسپیکر قومی اسمبلی سے ڈیکلیئریشن کی وصولی کے 30دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہے۔ ریکارڈ کے مطابق عادل بازئی آزاد امیدوارکی حیثیت سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ نوٹیفیکیشن 15فروری کو جاری ہوا۔ عادل بازئی نے 3 دن کی میعاد کے اندر 16 فروری کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بیان حلفی پارٹی قیادت کو جمع کروایا۔