3برسوں سے 13لاکھ پاکستانی بیرون ممالک ملازمت کیلئے گئے، وفاقی وزیر

23 جنوری ، 2025

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ گزشتہ تین سالوں سے 13لاکھ پاکستانی بیرون ممالک ملازمت کیلئے گئے ہیں، بیرون ملک جانے والے ہنر مند افراد کے ویزے مسترد ہونے کی شرح بہت کم ہے، اموات کی صورت میں معاوضہ کی ادائیگی پر نظرثانی کی جارہی ہے، 21کمیونٹی ویلفیئر افسران کے انتخاب کاسارا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سحرکامران کے سوال پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہاکہ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے ویزے مسترد کرنے کے حوالہ سے کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ آن لائن ویزے بھی جاری ہورہے ہیں۔ یواے ای کے حوالہ سے بعض مسائل پیش آئے تھے جو اب حل ہورہے ہیں، بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کو ویزے جاری ہورہے ہیں۔ سیدرفیع اللہ کے سوال پر انہوں نے کہاکہ چھ دن پہلے عراق کے ساتھ ایم اویوسائن ہوچکاہے،انجم عقیل کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہاکہ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کوتین سے لیکر6ماہ تک تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ہمیں سالانہ ایک لاکھ 80ہزار کی ڈیمانڈآتی ہے۔