پاک افغان سرحد پر ہتھیاروں کی بڑی کھیپ پاکستان اسمگلنگ کی کوشش ناکام

23 جنوری ، 2025

راولپنڈی (جنگ نیوز) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر بھاری ہتھیاروں کی بڑی کھیپ کی پاکستان میں سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر سکیورٹی فورسز نے اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا تھا، ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں ڈرائیور کیبن کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹرک سے برآمد کیے گئے غیر ملکی ہتھیاروں میں 26 ایم 16 رائفلز، ایم 16 اور ایم 4 رائفلز کے 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں، کلاشنکوف کے 9 میگزین اور 244 گولیاں شامل ہیں۔