جی ایچ کیو حملہ کیس ، مزید چار گواہان کے بیان قلمبند، سماعت ملتوی

23 جنوری ، 2025

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید چار گواہان کا بیان قلمبند کر کے سماعت پچیس جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ لائسنس معطلی کے باوجود وکالت نامہ داخل کرنے پر وکیل صفائی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، 9مئی واقعات کے بعد راولپنڈی کے تھانہ آر اے بازار میں درج جی ایچ کیو حملہ کیس کی گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر استغاثہ نے چار پولیس ملازمین سب انسپکٹر محمد شہزاد، ہیڈ کانسٹیبل عمران اختر اور کانسٹیبل زبیر احمد صدیقی ومحمد انوار خان کے بیانات قلمبند کروائے تھے، دوران سماعت جب پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی طرف سے مشعال یوسفزئی ایڈووکیٹ نے وکلالت نامہ جمع کروایا تو سرکاری وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بار کونسل نے مس کنڈکٹ پر ان کا لائسنس معطل کر رکھا ہے جس پر عدالت نے موصوفہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت پچیس جنوری تک ملتوی کر دی اور اسی روز شوکاز نوٹس کا جواب بھی طلب کرلیا۔