عوام 8 فروری کو یوم سیاہ منائیں، حکومت نے آئین اور پارلیمان کو بے وقعت کردیا، محمود اچکزئی

23 جنوری ، 2025

کوئٹہ (پ ر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا سال پورا ہورہا ہے ، پاکستان کی جمہوری تاریخ کے سب سے متنازع انتخابات جن میں الیکشن کمیشن جو آئینی طور پر ایک خودمختار ادارہ ہے کی مکمل خاموش حمایت سے زراورزور کی بنیاد پر من پسند لوگوں کو نواز کر اور جیتنے والوں کو شکست خوردہ ظاہر کرکے فارم 47کی نام نہاد جعلی حکومت کی تشکیل کی گئی ۔دکھ اس بات کا ہے کہ وہ پارٹی جو جمہوریت ، ہماری سیاست اور وہ پارٹی جو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا تی تھیں اس گھنائونے جرم میں شریک رہیں، بظاہر تو یہ مجرمانہ کھیل ایک فرد یعنی عمران کویا ان کی پارٹی کو اقتدار میں آنے سے روکنا تھا مگر اندرونی فیصلہ یہ تھا اور ہے کہ پاکستان میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرکے ایک نام کے جمہوری فسطائی نظام کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔ اس نام نہاد حکومت کی ایک سالہ حکمرانی اس کا واضح ثبوت ہے ۔ اس ایک سال کی حکمرانی میں جس دیدہ دلیری سے متفقہ آئین کے پرخچے اڑائے گئے ، منتخب پارلیمان کو جس طریقے سے بے وقعت کیا گیا ، عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق کے استعمال سے روکنے کا جو انداز 26نومبر کو اپنایا گیا یہ سب کچھ اس بات کا تقاضاکرتا ہے کہ پاکستان کے جمہوری عوام یہاں کے بسنے والی اقوام جمہور کی آزادی ، آئین کی پاسداری اور ایسے پارلیمانی نظام کے بچاؤ کے لئے جس میں صحیح طور پر منتخب پارلیمنٹ ملک کے فیصلے آئین کی رو کے مطابق کرے کہ دفاع کےلئے 8فروری 2025کو ایک سیاہ دن کے طور پر منائیں اور ملک کے تمام اضلاع میں پر امن جلسے وجلوس کرکے اس فسطائی نظام کو لپیٹنے کے لئے صف آرائی کریں اور ملک پہ مسلط حکومت سے فوری استعفیٰ کے ساتھ آئین کی بحالی ، 26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے اور ملک میں عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں۔