ٹرمپ کی نہر پر قبضے کی دھمکی،پانامہ کی اقوام متحدہ سے شکایت، آڈٹ شروع

23 جنوری ، 2025

پاناما سٹی (اے ایف پی) پاناما نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاناما کینال پر قبضے کی تشویش ناک دھمکی پر اقوام متحدہ سے شکایت کی ہے، یہاں تک کہ اس نے بین سمندری آبی گزرگاہ پر ہانگ کانگ سے منسلک دو بندرگاہوں کے آپریٹر کا آڈٹ شروع کر دیا ہے۔پانامہ کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے اس بات کی تردید کی ہے کہ کوئی دوسری قوم نہر میں مداخلت کر رہی ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کام غیر جانبداری کے اصول پر کیا گیا ہے۔پانامہ کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے ایک پینل سے خطاب میں کہا کہ پاناما کینال امریکہ کا تحفہ نہیں تھی،ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی ہر بات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ہوزے راؤل ملینو نے ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں کہا کہ نہر پانامہ کی ہے اور رہے گی۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو لکھے گئے خط میں پانامہ کی حکومت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے ایک آرٹیکل کا حوالہ دیا ہے،جس میں کسی بھی رکن کو کسی دوسرے کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف خطرے یا طاقت کے استعمال سے منع کیا گیا ہے۔