کشمیریوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، آزادی ملے گی، سپہ سالار جنرل عاصم کی کشمیر کاز سے وابستگی غیرمتزلزل ہے، وزیراعظم

23 جنوری ، 2025

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاک فوج کے سپہ سالارجنرل سید عاصم منیر کشمیری بھائیوں کی حمایت کاغیر متزلزل عزم رکھتے ہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کو آزادی ملے گی،ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ترقی اور خوشحالی کا پہیہ نہیں چلے گا،ملک کیخلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہونگے، آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کاجال بچھائیں گے، انتشار سے ملک کو یومیہ 190 ارب کا نقصان ہوتا ہے، اسٹیٹ بینک کے ریویو میں شرح سود مزید کم ہونے کی توقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آزاد کشمیر میں پہلے دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر آف ایکسیلنس بھمبر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں چین میں جدید زراعت کی تربیت کے حصول کیلئے جانیوالے پاکستانی طلباء و طالبات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستانی طلباء کی چین میں جدید زرعی تربیت کا خرچ حکومت اٹھائے گی،اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کواولین ترجیح دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق بھمبر میں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا قیام خوش آئند ہے، یہ دانش اسکول کشمیریوں کیلئے علم ودانش کا گہوارہ بنے گا۔ اس سے ملک میں تعلیمی انقلاب آئیگا، دانش اسکول میں مفت کتابیں، کھانا اور رہائش فراہم کی جاتی ہے، آزاد کشمیر کے جن علاقوں میں تعلیم و تربیت کی سہولیات میسر نہیں وہاں دانش اسکولوں کاجال بچھائیں گے، دانش اسکول کیلئے تمام فنڈز وفاقی حکومت ادا کریگی۔