ٹرمپ کی پہلی پریس کانفرنس میں بھی عمران خان کا ذکر نہیں ہوا

23 جنوری ، 2025

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار)حلف برداری کے دن کی تین تقریروں کے بعد صدر ٹرمپ کی پہلی پریس کانفرنس میں بھی عمران خان کا ذکر نہیں ہوا تحریک انصاف میں مایوسی،صدر ٹرمپ نے یوکرائن کی جنگ،غزہ میں اسرائیلی حملوں کی بندش، روس،چین اور کئی معاملات پر بات کی، کسی صحافی نے بانی تحریک انصاف کے بارے سوال بھی نہیں کیا،آئندہ ہفتے سے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور وائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگ میں جنوبی ایشیا کا کوئی صحافی سوال کر سکتا ہے،واشنگٹن میں اسامہ کو شہید قرار دینے کے قول اور امریکہ مخالف نعروں والے ٹرک دکھائی دے رہے ہیں تحریک انصاف کے رہنما اور عمران کا چرچا غائب ہے،تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اس بارے مایوسی کے ساتھ ایک دوسرے سے استفسار کرتے رہے،امریکی صد رڈونالڈ ٹرمپ میں اپنی حلف برداری کے دن اپنی تین تقریبوں کے بعد بدھ کو علی الصبح اولین پریس کانفرنس میں بھی پاکستان اور تحریک انصاف کے سزا یافتہ بانی عمران خان کا کوئی ذکر نہیں کیا اور نہ ہی کسی امریکی صحافی نے اس بارے میں صدر سے کوئی سوال کیا جس پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور قیادت کو سخت مایوسی ہوئی ہے امریکی صدر اے آئی لانچ کرنے کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے جس میں متعدد عالمی امور کے با رے میں ان سے سوالات کئے گئے جن میں یوکرائن کی جنگ، غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی بندش، چین کے اور روس کے ساتھ معاملات کے حوالے سے استفسارات شامل تھے۔ واشنگٹن سے ذرائع نے جنگ/دی نیوز کو بتایا ہے کہ صدارتی حلف برداری اور اے آئی کی وائٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب میں کوئی پاکستانی مدعو نہیں تھا جس سے تحریک انصاف کے امریکا میں مقیم کسی رہنماکواپنی پارٹی کےبانی کے بارے میں کوئی بات کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔