PTIکا مسلسل آٹھویں روز بھی اسمبلی میں احتجاج ،نعرے،ایجنڈا پھاڑدیا

23 جنوری ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) پی ٹی آئی ممبران قومی اسمبلی نے مسلسل آٹھویں روز بھی ایوان میں احتجاج جاری رکھا ، نعرے بازی کی اور ایجنڈاپھاڑ کر پرزے پرزے کردیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت 14 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔سپیکر نے وقفہ سوالات کی کارروائی شروع کی تو اس دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے پوائنٹ آف آرڈر مانگا۔سپیکر نے کہا کہ فیصلہ ہو چکا، وقفہ سوالات میں پوائنٹ آف آرڈر نہیں ہوگا،اب میںنے یو ٹرن نہیں لینا۔ عمر ایوب نے کہا اپو زیشن کو بات کرنے کا موقع دیں۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ کو موقع ملے گا لیکن آپ لوگ سیریس ہوں تو موقع ملے۔پوائنٹ آف آرڈر نہ ملنے پر پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کردیا،ڈیسک پر کاپیاں مار کر شور شرابہ کیا۔شیر افضل مروت اسپیکر سے بات کرنے اسپیکر ڈائس کے پاس پہنچ گئے۔اپوزیشن ارکان نے احتجاج کے دوران اووو اووو کی آوازیں نکالیں ۔اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ انہوں نے کون بچائے گا پاکستان ،عمران خان ،قید ی نمبر804،کنگرو کورٹس نا منظور کے نعرے لگائے۔پی ٹی آئی اراکین نےیجنڈا کی کاپیاں پھاڑ دیں ، سپیکر نے اعلان کیا کہ ایک سو طالبات کارروائی دیکھنے گیلری میں آئی ہیں۔