پاکستان ٹوبیکو بورڈ تحلیل فیصلہ چیلنج، پشاورہائی کورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا

08 فروری ، 2025

پشاور(نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت کیجانب سے پاکستان ٹوبیکو بورڈکوتحلیل کرکے اسے صوبوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا ہے اور اس حوالے سے دو الگ الگ رٹ درخواستوں پر دورکنی بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے ۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل بنچ نے پاکستان ٹوبیکوبورڈ خیبرپختونخوا کے سینکڑوں افسران اور ریٹائرڈ ملازمین کی دورٹ درخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کیجانب سے عامر جاوید اور بیرسٹر ثاقب رضا عدالت میں پیش ہوئے۔ سیکرٹری پاکستان ٹوبیکو بورڈخیبرپختونخوا فخر الدین ،ڈائریکٹر پی ٹی بی عصمت اللہ سمیت 50سے زائد درخواست گزاروں نے اپنے رٹ میں موقف اپنایاہے کہ درخواست گزار پاکستان ٹوبیکوبورڈ میں گریڈ9سے گریڈ19کے مختلف عہدوں پر فائز ہیں جسے پاکستان ٹوبیکو بورد آرڈیننس 1968کے تحت قائم کیا گیا اور یہ وفاقی حکومت کے زیرانتظام چلایاجارہا ہے۔