صدر سپریم کورٹ بار کی چیف جسٹس سپریم کورٹ اورچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقاتیں

09 فروری ، 2025

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ،میاں روئف عطاء نے کہاہے کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ میں خالی اسامیوں پرکی گئی ججوں کی حالیہ تقرریاں وقت کی ضرورت ہیں اورپوری قانونی برادری بالعموم اوربالخصوص سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ان کی توثیق کرتی ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ملک بھر کی تمام قانون دان برادری اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہے ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان ، یحیٰ آفریدی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا ، ملاقاتوں میں بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو بھی ان کے ہمراہ تھے ، ہفتہ کے روز جاری کئے گئے سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے دونوں سربراہان کے ساتھ ملاقاتوں میں عدلیہ کی مجموعی کارکردگی سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی،بار کے صدر نے چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات کو سراہا جن کے نتیجہ میں دیرینہ التواء میں کمی واقع ہوئی ہے،انہوں نے چیف جسٹس کی جانب سے نچلی سطح پر قانون دان برادری کی حقیقی شکایات کے ازالہ کے لئے ملک کے کونے کونے میں جا کر مختلف بار ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا بھی خیرمقدم کیا، پورے عدالتی ڈھانچے کو متحرک اور موثر بنانے کے لئے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں ، بعد ازاں میاں روئف عطاء نے ،میرعطا اللہ لانگو کے ہمراہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، عامر فاروق کے ساتھ بھی ملاقات کی اوراسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایڈیشنل ججوں سمیت دیگر حالیہ تقرریوں اور تبادلوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملک میں وفاقیت کے اصولوں کی عکاسی کرتا ہے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نئے جج بھی انصاف کی بروقت فراہمی میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کرتے ہوئے عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو دور کریں گے،دونوں ملاقاتوں کے دوران،میاں روئف عطاء نے بار اور بینچ کے درمیان باہمی احترام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قانون دان برادری کی جانب سے بینچ کے لیے احترام اور تعاون کا یقین دلایا۔