امریکہ، جاپان، کوریا سمیت 16 ملکوں سے مزید 118پاکستانی ڈی پورٹ

09 فروری ، 2025

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) امریکا، جاپان، کوریا سینیگال، تھائی لینڈ سمیت مختلف 16 ملکوں سے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران مزید 118 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ جن میں سے کچھ کو کراچی پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ امیگریشن ذرائے کے مطابق سعودی عرب میں پاسپورٹ گم ہونے، بلیک لسٹ، معاہدے کی خلاف ورزی، غیر قانونی کام کرنے کے الزامات پر 61 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ بحرین، یوگنڈا، کینیا، قبرص، مراکش، کوریا، سینیگال، بوسٹوانہ سے ایک ایک پاکستانی کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ جاپان میں امیگریشن سے دو پاکستانیوں کو وزٹ ویزا کے لیے مطمئن نہ کرسکنے اور ناقابل قبول قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا۔ ایک پاکستانی کو امریکہ میں ناقابل قبول قرار دے کر واپس بھیجا گیا۔ کوریا میں بھی ایک پاکستانی کو انٹری نہیں دی گئی۔ عمان سے 7 پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے، اجر کی جانب سے ملازمت سے برطرف کرنے اور بلیک لسٹ ہونے پر واپس بھیجا گیا۔ غیر قانونی طور پر عراق میں داخل ہونے اور زائد المعاد قیام پر 15 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا۔ تھائی لینڈ میں ہوٹل کی بکنگ نہ ہونے اور اخراجات کی رقم کم ہونے پر دو پاکستانیوں کو انٹری نہیں دی گئی۔