اداروں سے ٹکرائو نہیں چاہتے، بدلہ لینے کا سوچا تو مخالفین برداشت نہیں کرسکیں گے، تحریک انصاف

09 فروری ، 2025

لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور(مانیٹرنگ سیل ، جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری 2025 کو ہونے والے عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر گزشتہ روز یوم سیاہ منایا گیا ۔ تحریک انصاف نے صوابی میں بڑے جلسے کا اہتمام بھی کیا ۔ جلسے سے پی ٹی آئی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، بدلہ لینے کا سوچاتو مخالفین برداشت نہیں کر سکیں گے۔ہمارا مینڈیٹ چرانے والوں نے ہر ادارہ تباہ کر دیا ،انکی چال ڈھال درست کرینگے۔صوابی جلسے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈا پور، عمرایوب، علی محمد خان، شعیب شاہین، فیصل جاوید، عامر مغل، محمود خان اچکزئی اورشیرافضل مروت نے خطاب کیا۔وزیراعلٰی خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور نے صوابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سپہ سالار کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارے صوبے میں دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے تو ہمیں ایک ہونا پڑے گا، چوروں کا ساتھ چھوڑدیں۔بانی پی ٹی آئی سے ساری دنیا کے لوگ پیار کرتے ہیں، یہ اسمبلیوں میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہیں ہمیں مجبور نہ کیا جائے، ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں نہیں بھولیں گے اور اگر انقلاب کا نعرہ لگا دیا تو پھر تم اس کا بوجھ برداشت بھی نہیں کرسکو گے۔پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نےکہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کوئی ڈیل کی اور نہ ہی کریں گے۔ عمران خان کی رہائی کیلئے بشمول امریکا کسی ملک کے طلب گار نہیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ ڈیل کے لیے نہیں پاکستان اور جمہوریت کیلئے مذاکرات کررہے ہیں۔صدرپی ٹی آئی خیبرپختون خوا جنید اکبر نے کہا اس مرتبہ گولیوں کیلئے تیاری کے ساتھ آئیں گے۔عوام اوراداروں کے درمیان بڑے فاصلے ہیں جو ملک کے لیے خطرناک ہیں۔ اوور سیز پاکستانیوں نے ہمیں سپورٹ کیا، وہ اس وقت تک پاکستان ترسیلات زر نہ بھیجیں جب تک پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہ ہو۔محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم یہاں کسی کو گالیاں دینے یا برا بھلا کہنے کیلئے نہیں آئے ہیں، ہم پاکستان کی ترقی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔محمود اچکزئی نے کہاکہ یہ ملک ہماری بدکاریوں اور رشوت کی وجہ سے ڈوب رہا ہے، عمران خان کی پارٹی آگے بڑھے تو جھوٹوں بے ایمانوں کی حکومت تین ماہ بھی نہیں چل سکتی۔سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ وہ جلسے کے شرکا کے لیے عمران خان کا پیغام لے کر آئیں گے کہ فتح ہماری ہے، ہم 8 فروری کو جیتے تھے اور ہم آج بھی جیتے ہوئے ہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہ یہ ایک منظم پارٹی ہے، اس میں عمران خان کی بات مقدم ہے، اس پارٹی میں کوئی نفاق نہیں ہوگا کوئی بدتمیزی نہیں ہوگی۔ آپ پاکستان کا مقدر ہو آپ نے عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جعلی وزیراعظم ہمیں منظور نہیں ہے، جب بھی قائدعمران خان نے کہا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے عمران خان صوابی کا انتخاب کرتا ہے، عمران خان کو صوابی کے لوگوں پراعتماد ہے۔اسد قیصد نے ’گو شہباز‘ اور ’اووو‘ کے نعرے لگوائے اورخطاب میں الیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم ان کا خطاب انتہائی مختصرتھا جس کے آخر میں انہوں نے تمباکو ٹیکس کے حوالے سے کاشتکاروں کو یقین دہانی بھی کرائی۔سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے خطاب شروع کیا تو ایک نوجوان اسٹیج کے اوپر پول پر چڑھ گیا ۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آٹھ فروری کو آپ کے مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالا گیا، وہ ڈاکہ پاکستان کی انتخابی تاریخ کا بڑا ڈاکہ تھا۔ جو لوگ مرکزاور پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں ان کے خلاف آپ کے ووٹ کی آپ کے قائد نے حرمت کا علم بلند کیا ہے۔جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ 8 فروری کے الیکشن چرائے گئے اور اس پر ہمیشہ یوم سیاہ منایا جائے گا، انہوں نے کہاکہ الیکشن چوری کرنے کا مقصد 26 ویں ترمیم تھا تاکہ ججوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔سابق وفاقی وزیرنورالحق قادری نے جلسے سے خطاب میں وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈا پور کو خطاب کی دعوت دی گئی اور وہ اسٹیج پر آئے لیکن ان سے پہلے شیر افضل مروت نے مائیک سنبھال لیا اور کہاکہ ہم برے لوگ ہیں برے وقت پر کام آتے ہیں، میری زبان علی امین گنڈا پور بولیں گے۔علی امین گنڈاپورنے اپنے خطاب میں کہاکہ سب سے پہلے میں سن رہا ہوں کہ آپ ’اووو‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ یہ نعرہ ان کے لیے جن کے لیے انسانیت ہو۔ جن میں انسانیت نہ ہو ون کے لیے نعرہ ہے ’تھووو‘۔انھوں نے کہا کہ ہم تک ہم نے یہ سبز رنگ ہاتھوں میں تھاما ہوا ہے لیکن یہ رنگ بھی ہے خون کا رنگ، تم برداشت نہیں کر سکو گے۔وزیراعلٰی خیبرپختون خوا نے کہا کہ جب ہم انقلاب کا نعرہ لگائیں گے اور یہ رنگ تھام لیں گے تم برداشت نہیں کر سکو گے۔علی امین گنڈاپور کا دعویٰ تھا کہ پاکستان کے عوام کو شہباز شریف حکومت بھڑکا رہی ہے۔ اگر تم ہمارے ٹیکس کے پیسے سے لیے گئے ہتھیار کو ہمارے اوپر استعمال کرو گے تو ہتھیار ہمارے پاس بھی ہے۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں آئین کی بالادستی مانگتے ہیں جو ہمارے راستے میں آئے گا ہم لڑیں گے، مریں گے۔صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت جاری رہا اور شام 6 بجے ختم ہوگیا۔