ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے پر آئینگے

09 فروری ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان جو آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان آرہے ہیں اسلام آباد میں ان کی آمد کے موقعہ پر مصروفیات کے حوالے سے تیاریاں شروع ہوگئی ہیں جن میں پاک ترک اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس میں ان کی شرکت بھی شامل ہے۔سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں،و اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون کونسل اجلاس میں شرکت ،مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ، اسحاق ڈار کی سربراہی میں جائزہ اجلاس میں اسلام آباد میں انٹرچینج ترکیہ کے صدر کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہوگا اس موقع پر مختلف شعبوں میں مفاہمت کے دوطرفہ سمجھتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ امکانی طور پر صدر رجب طیب اردگان 12فروری کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے،ترک صدر، صدر زرداری، وزیراعظم اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ میں زیر تعمیر انٹرچینج کو ترک صدر کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ دریں اثناء ہفتے کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل وضع کرنا تھا۔ یہ اجلاس اسلام آباد میں ہونے والے اعلی سطح کی پاک ترکیہ تذویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی تیاریوں کا حصہ تھا۔ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاسوں اور شعبہ جاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاکستان ترکیے بزنس فورم کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔