اسرائیل کی ’’وعدوں کی عدم پاسداری‘‘ سے غزہ میں جنگ بندی کو خطرہ

09 فروری ، 2025

استنبول (اے ایف پی) حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیل کی ’’وعدوں کی عدم پاسداری‘‘ غزہ میں جنگ بندی کو ختم کرنے کے خطرے سے دوچار کر رہی ہے۔ اس کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کا آغاز ہونا باقی ہے۔ اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حماس کے سیاسی بیورو کے رکن اور غزہ کے سابق وزیر صحت باسم نعیم نے خبردار کیا کہ معاہدہ خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی گروہ جنگ میں واپس نہیں جانا چاہتا۔ ہفتہ کے روز اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی پانچویں رہائی عمل میں آئی۔ نازک جنگ بندی، جو گزشتہ ماہ ہوئی، نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر بے مثال حملے کے بعد شروع ہونے والی 15 ماہ سے زائد جاری جنگ کو روک دیا۔ اسرائیل کی جوابی کارروائی نے غزہ میں حماس کی حکمرانی کو کمزور کر دیا ہے، لیکن مکمل طور پر ختم نہیں کیا، اور اس تباہ حال علاقے کو جنگ کے بعد کس طرح چلایا جائے گا، اس حوالے سے کئی سوالات باقی ہیں۔