سوڈانی فوج کا خرطوم میں بڑی پیشرفت کا دعویٰ

09 فروری ، 2025

پورٹ سوڈان (اے ایف پی) سوڈان کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے خرطوم شمال کا بیشتر حصہ دوبارہ قبضے میں لے لیا ہے جیساکہ اس نے نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) سے دارالحکومت کا مکمل کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لیے اپنی کارروائی تیز کر دی ہے۔ فوج، جو اپریل 2023 سے آر ایس ایف کے ساتھ جنگ میں مصروف ہے، نے حالیہ ہفتوں میں دارالحکومت اور اس کے گردونواح کے وسیع علاقے نیم فوجی دستوں سے واپس حاصل کر لیے ہیں۔ ان کامیابیوں کے درمیان فوجی سربراہ عبدالفتاح البرہان نے ایک عبوری حکومت تشکیل دینے کے منصوبے کا اعلان کیا تاکہ ’’باقی فوجی اہداف مکمل کیے جا سکیں‘‘ اور پورے سوڈان کو آر ایس ایف سے پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وسیع تر سیاسی انتقال اقتدار کی راہ ہموار کرے گا، جو بالآخر انتخابات تک لے جائے گا۔