PTIاسٹیبلشمنٹ مذاکرات میں کوئی حقیقت نہیں‘وزیردفاع

09 فروری ، 2025

سیالکوٹ (ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات میں کوئی حقیقت نہیں‘پر امن احتجاج پر کوئی اعتراض نہیں تاہم ایک اور9مئی یا 26نومبردہرانے کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی‘بڑاہنگامہ اورشور مچا کہ ٹرمپ آئے گا اور بانی باہر آجائے گا، ٹرمپ تو آگیا لیکن ان کا کچھ نہیں بنا۔ بجلی مرحلہ وار مزید سستی ہوگی‘عنقریب عوام کو خوشخبری ملے گی‘ایک ڈیڑھ سال میں بڑی تبدیلیاں آپ کو نظر آئیں گی۔ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کاکہناتھاکہ چیمپئن ٹرافی کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی ساکھ کو نقصا ن پہنچا نے کی کوشش ہے ‘ایک سال میں وہ کام ہوگئے، جن کی توقع ہم دو سال میں ہونے کی کر رہے تھے،پی آئی اے بحال ہورہی ہے۔سیاسی جماعتوں کو سیاسی رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، کسی کو مسلح جتھوں یا دہشت گرد گروہ کی طرح طور طریقے اپنانے کو قبول نہیں کرسکتے۔