پاور پلانٹس سے مذاکرات، حکام ٹیرف میں 2 روپے ریلیف کیلئے کوشاں

10 فروری ، 2025

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکام تمام پاور پلانٹس کے ساتھ مذاکرات کے بعد ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ ریلیف حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ حکومت نے پاکستانی روپے کی بنیاد پر سرکاری پاور پلانٹس کی ریٹرن آن ایکویٹی کو کم کر کے 13 فیصد کر دیا۔ سی پیک پاور پلانٹس سالانہ 600 ارب روپے کی کیپیسٹی ادائیگیاں حاصل کر رہے ہیں، جوہری بجلی گھر 510 ارب روپے، پن بجلی گھر 200 ارب روپے، واپڈا ہائیڈل 24 ارب روپے، اور آر ایل این جی پر مبنی بجلی گھر 34 ارب روپے وصول کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کے سینئر سرکاری عہدیداروں نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت نے پاکستانی روپے کی بنیاد پر سرکاری پاور پلانٹس (جی پی پیز) کی ریٹرن آن ایکویٹی (آر او ای) کو کم کر کے 13 فیصد کر دیا ہے اور امریکی ڈالر کی قدر 168 روپے تک محدود کر دی ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ ان کی صلاحیت کی ادائیگیوں کو 100 فیصد سے کم کر کے 35 کر دیا جائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پلانٹ فعال رہیں، اس کے نتیجے میں 0.44 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔ ایک مرتبہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے اور شمسی توانائی کے پلانٹس کے ساتھ جاری مذاکرات خوش اسلوبی سے مکمل ہو جائیں تو اس طرح حکومت کو کل ریلیف تقریباً 2 روپے فی یونٹ ملے گا۔ 5 آزاد بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے بجلی خریداری معاہدوں (پی پی ایز) کی منسوخی، 8 بیگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف کو امریکی ڈالر سے منسلک کرنے کے بجائے پاکستانی روپے سے جوڑنے، اور 14 آئی پی پیز کے معاہدوں کو ’ٹیک اینڈ پے‘ ماڈل پر نظرثانی کرنے کے بعد، حکومت اب تک 1.43 روپے فی یونٹ کا ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اب تک ہم مستقبل کی ادائیگیوں میں 1400 ارب روپے کی بچت کر چکے ہیں، اور جب سرکاری بجلی گھروں، ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے ساتھ معاہدے مکمل ہو جائیں گے، تو مستقبل کی مجموعی بچت 2600 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ پانچ آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے سے 0.77 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملا، 8 بیگاس پر مبنی بجلی گھروں کے معاہدوں کی نظرثانی سے 0.14 روپے فی یونٹ، جبکہ ’ٹیک اینڈ پے‘ ماڈل پر مبنی 14 آئی پی پیز کے نظرثانی شدہ پی پی ایز سے 0.43 روپے فی یونٹ کا ٹیرف ریلیف حاصل ہوا۔ مزید یہ کہ پاک جن پاور پلانٹ کے معاہدے کی منسوخی اور اس کی جگہ 496 میگاواٹ کے کیپکو پاور پلانٹ کو سسٹم میں شامل کرنے سے بھی 0.09 روپے فی یونٹ کا ریلیف حاصل ہوگا۔ ہم نے این ٹی ڈی سی کی درخواست پر مظفرگڑھ میں نظام کو مستحکم کرنے کے لیے کیپکو کے 496 میگاواٹ کو شامل کیا ہے، اور تین سال بعد کیپکو بغیر کسی ادائیگی کے اپنا 496 میگاواٹ کا پاور پلانٹ اور سوئچ یارڈ حکومت کے حوالے کر دے گا۔