AIغیر روایتی سافٹ وئیر، اس سے بے روزگاری بڑھ سکتی ہے، ماہرین

10 فروری ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں مصنوعی ذہانت کے مثبت اور منفی پہلوئوں سے متعلق میزبان سلیم صافی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام ،ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہAI ایک غیر روایتی سافٹ وئیر ہے ، اے آئی کو سکھانا پڑتا ہے اور وہ سیکھ کر خود ہی کام کرنا شروع ہوجاتا ہے ، اس سے بے روزگاری بڑھے گی، سوشل سائنٹسٹ علی معین نوازش نے کہا کہ اے آئی کے زریعے سے ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا کرنا بڑا آسان ہوگیا ہے، اب یہ بالکل ممکن ہے کہ ریاست یا بیڈ ایکٹرز اے آئی کا استعمال کرکے لوگوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلیں۔سیاسی یا الیکشن انجینئرنگ بھی ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ جوروایتی سافٹ ویئر ہیں اس سے کمپیوٹرکو ہدایات دینا پڑتی تھیں کہ کیا کرنا ہے۔ اے آئی میں اس کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے ۔ اس کو بار بار مثالیں دکھانا پڑتی ہیں۔اس کو ڈیٹا دینا پڑتا ہے اس کو سکھانا پڑتا ہے کہ آپ نے کیا کرنا ہے ۔ وہ سیکھ کروہ یہ کام خودہی کرنا شرو ع ہوجاتا ہے۔ دو چیزیں مل کر ڈیٹااورکمپیوٹنگ پاور کی مدد سے لرننگ الگورتھم بنے ہیں جس کو ہم اے آئی کہتے ہیں۔اس کے منفی استعمال بھی یقینی ہیں جس کی جنریٹو اے آئی کہتے ہیں وہ ٹیکسٹ ، فوٹو اور ویڈیو جنریٹ کرسکتی ہے ۔ مستقبل میں دو طرح کی دنیا ہوں گی جس کے پاس اے آئی ہے یا جس کے پاس موجود نہیں۔پاکستان میں یہ بحث نئی ہے کہ ہم اے آئی میں کچھ کریں۔پاکستانی دماغ دنیا بھر میں بہترین کام کررہے ہیں۔ اے آئی سے بے روزگاری بھی بڑھے گی۔ اگر کوئی بھی چیز دیکھ کر سیکھی جاسکتی ہے تو وہ اے آئی کی مدد سے آٹو میٹ ہوجائے گی۔ سوشل سائنٹسٹ، علی معین نوازش نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان نے ابھی تک جو چیزیں ایجا دکی ہیں وہ ساری ایجادات جنہوں نے انسانی تہذیب کو آگے بڑھایا وہ انسانی آئیڈیاز کو آگے لے کر جاتی ہیں۔اے آئی انسان کی پہلی ایجاد ہے جو اپنے تخلیقی آئیڈیاز مختلف جگہوں پر جنریٹ کرتا ہے۔ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا کرنا بڑا آسان ہوگیا ہے۔ہمیں نظر آرہا ہے کہ آپ ٹیکسٹ جنریٹ کرسکتے ہیں چیٹ باکس بنا سکتے ہیں۔حال ہی میں ہمیں جو اے آئی کی ایپلی کیشن ملیں گے۔ وہ انسانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مدد کرنے کے لئے ملیں گی۔اگر ڈاکٹر ا ے آئی کو بطور ٹول استعمال کرے گی تو اس کے مثبت نتائج آئیں گے۔