آج جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کیا جائے، تحریک انصاف کا بھی مطالبہ

10 فروری ، 2025

اسلام آباد (خبر نگار) جوڈیشل کمیشن کے رکن پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ جب تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سنیارٹی کا معاملہ حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کو موخر کیا جائے۔ سینیٹر علی ظفر کے مطابق، ججز کے حالیہ تبادلے سے ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہو چکی ہے جس سے عدالتی نظام پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ،ان تبادلوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ یہ انتظام بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کیلئے ایک خاص بندوبست ہے۔ سینیٹر علی ظفر نے خط میں تجویز دی کہ جب تک ججز کی سنیارٹی کا معاملہ حل نہیں ہوتا اس وقت تک جوڈیشل کمیشن اجلاس کو موخر کرنا مناسب ہو گا ، پھر بھی اگر اگر اجلاس کرنا ضروری ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں حالیہ تبادلہ شدہ ججز کو زیر غور نہ لایا جائے۔