پرنس کریم آغا خان کی مصر میں تدفین، صدر مملکت بھی لزبن روانہ

10 فروری ، 2025

اسوان (نیوز ایجنسیاں) اسماعیلی برادری کے 49 ویں روحانی پیشوا پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کو اتوار کے روز مصر کے شہر اسوان میں ایک خصوصی تقریب کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا، مرحوم کو دادا مولانا سلطان محمد شاہ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا ۔ صدر آصف علی زرداری اتوار کوپرتگال کے دارالحکومت لزبن روانہ ہو گئے، وہ مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کرینگے۔صدر آصف علی زرداری دورے پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوزا سے بھی ملاقات کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کے ایک بیان میں کہا گیا کہ مرحوم پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی تدفین ان کے دادا مولانا سلطان محمد شاہ کے مزار کے احاطے میں کردی گئی، مزار کے ساتھ ملحقہ اراضی پر مرحوم پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی آخری آرام گاہ کے طور پر مقبرہ بنایا جائے گا۔ پرنس کریم آغا خان 88سال کی عمر میں بدھ کے روز لزبن میں انتقال کر گئے تھے۔شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم ، ان کے مرحوم والد پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وصیت پڑھنے کے بعد اسماعیلی برادری کے 50ویں روحانی پیشوا نامزد کئے گئے۔