کئی علاقوں میں چند جزوی رقبوں پر کاشتہ گندم کی فصل پر بھوری اور زرد کنگی کا حملہ

10 فروری ، 2025

ملتان(سٹاف رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کی رپورٹ کے مطابق صوبہ میں بہاولپور،مظفرگڑھ،ڈی جی خان، گوجرانوالا، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین کے علاقوں میں چند جزوی رقبوں پر کاشتہ گندم کی فصل پر بھوری اور زرد کنگی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ گندم کی زرد کنگی کے پھیلاؤ کیلئے موزوں درجہ حرارت10تا20ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اس بیماری کا حملہ عام طور پر پتوں پر ہی ہوتا ہے جبکہ انتہائی شدید حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔اس کی پہچان یہ ہے کہ پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں یا لائنوں میں صف بستہ ہوتے ہیں۔ وبائی حملے کی صورت میں اس کا نقصان بھوری کنگی سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ شدید حملے کی صورت میں نقصان 20 تا 50 فیصد تک ہو سکتا ہے۔ بھوری کنگی کے پھیلاؤکیلئے موزوں ترین درجہ حرارت20 تا25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔اس بیماری کا حملہ عام طور پر پودے کے پتوں پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے خاکی رنگ کے دھبے لائنوں کی بجائے بے ترتیب اور منتشر ہوتے ہیں۔ بڑھوتری کی اگیتی حالت میں حملہ ہونے پر پودے کمزور ہو جاتے ہیں اور پودے کا خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔