کرک میں امن گرینڈ جرگہ، مسلح گروہوں کو انخلا کیلئے3دن کی ڈیڈلائن

10 فروری ، 2025

کوہاٹ(ایجنسیاں)کرک میں امن گرینڈ جرگہ، مسلح گروہوں کو انخلائ کیلئے3دن کی ڈیڈلائن دے دی اور قرار دیا کہ مقررہ مدت کے بعد قوم مسلح جتھوں کے خلاف مسلح لشکر کشی کرنے پر مجبور ہوگی۔ امن جرگہ نے ریاست سے پولیس کو درکار تمام وسائل فراہم کرنے اور نیشنل ایکشن پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ۔اتوار کے روز کرک کی تحصیل تحت نصرتی سپورٹس گراؤنڈمیں خٹک قوم کا امن جرگہ منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے شاہد خٹک ، صوبائی وزیر زراعت میجر(ر) سجادبارک وال سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی عہدیداروں اور ضلع بھر سے آئے ہوئے افراد نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منعقدہ گرینڈ امن جرگہ نے متفقہ قرارداد منظورکرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرک کی سرزمین کسی قسم کے دہشت گردانہ واقعات اور تخریبی کارروائی کے لئے استعمال کرنے کی جازت نہیں دیں گے۔ مشترکہ قرارداد میں ضلع کی حدود سے مسلح گروہوں کے انخلا کے لیے تین دن کی مہلت دے دی اورقراردیا کہ اگر مقررہ مدت کے بعد قوم مسلح گروہ کی موجودگی پرمسلح لشکر کشی اورکسی بھی راست اقدام کرنے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔امن جرگہ نے ریاست سے پر زور مطالبہ کیا کہ قانون اور آئین کے تحت پولیس کو درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کر نے کے قابل ہوسکیں۔جرگہ سے اپنے خطاب میں مقررین نے محکمہ انسداد دہشت گردی کو بااختیار کرنےʼ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کے مطالبات کئے۔امن جرگہ نے ریاست سے دہشت گردوں کے خلاف سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو ہرقسم کے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ جرگہ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی نشاندہی کے بعد ان کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے شاہد خٹک نے کہاہے کہ آئندہ اتوار بمطابق 16 فروری انڈس ہائی وے پر واقع جیل چوک میں امن مارچ کیا جائے گا جس میں تمام سیای و مذہبی پارٹیوں کے عہدیدار اور کارکنوں سمیت عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔