پاکستان میں طلاق اور خلع کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ

10 فروری ، 2025

کراچی(نیو زایجنسیز)پاکستان میں طلاق اور خلع کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے ، کراچی کی فیملی کورٹس میں گزشتہ سال ازدواجی رشتہ ختم کرکے کے 11ہزار کیسز دائر کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ 5 سالوں میں طلاق اور خلع کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں طلاق اور خلع کی شرح میں پچھلے پانچ سالوں میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پچھلے چار سالوں میں خلع کے مقدمات کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے۔اس حوالے سے ادارہ شماریات کے جاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں طلاق یافتہ خواتین کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار ریکارڈ کی گئی۔کراچی میں سال 2020 میں کراچی کی فیملی کورٹس میں ازدواجی رشتہ ختم کرنے کے 5 ہزار 8سو کیسز دائر ہوئے جبکہ 2024 میں 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے خلع اور طلاق کمزور خاندانی نظام کی عکاسی کرتی ہے۔دوسری جانب گیلپ پاکستان کی جانب سے سروے میں حصہ لینے والے ہر پانچ میں سے دو افراد کا خیال ہے کہ غیر ضروری خواہشات اور عدم برداشت طلاق اور خلع کے معاملات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔