ججز کی تقرری ،جن کو بھرتی کیا گیا انہیں واپس جانا پڑے گا،حامد خان

11 فروری ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما تحریک انصاف سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ ہماری موومنٹ لمبی ہوگی اور ان سب لوگوں کو جن کو آج بھرتی کیا گیا ہے ہم اس کے خلاف کھڑے رہیں گے، انہیں واپس جانا پڑے گا،رکن جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اختر حسین نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ چھبیسویں ترمیم جب تک ہے ا س وقت تک آئینی کورٹ کو فیصلہ کرنا چاہئے،سینئر رہنما تحریک انصاف شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈسپلن ہونا چاہیے جو ہر پارٹی کی ضرورت ہے جس پارٹی میں ڈسپلن نہیں ہوگا تو اپنے مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ سینئر رہنما تحریک انصاف سینیٹر حامد خان نے اس سوال پر کہ وکلا کیا روک پائیں گے اس معاملے کو اس کے جواب میں کہا کہ فوری طور پر شاید نہ ہو ایسا لیکن ہماری موومنٹ لمبی ہوگی اور ان سب لوگوں کو جن کو آج بھرتی کیا گیا ہے ہم اس کے خلاف کھڑے رہیں گے اور انہیں واپس جانا پڑے گا کیوں کہ جگہ ایک تھی سات آٹھ بھر لیے گئے اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی کیوں کہ اس میں دو سینئر موسٹ ججز نے واک آؤٹ کر دیا۔