قومی اسمبلی وقفہ سوالات ؛سوال کا جواب نہ آنے پر سپیکر برہم ہوگئے

11 فروری ، 2025

اسلام آباد( رانا غلام قادر)قومی اسمبلی کے اجلاس میں گزشتہ روز وقفہ سوالات کے دوران وزارت آبی وسائل کی جانب سے پیپلز پا رٹی کی ایم این اے نفیسہ شاہ کے نیلم جہلم کے متعلق سوال کا جواب نہ آنے پر سپیکر سر دار یاز صادق برہم ہوگئے۔ سپیکر نے سوال کیا کہ وزارت آبی وسائل سے کون افسر آیا ہے؟۔سپیکر نے متعلقہ افسر کو حکم دیاکہ آپ میرے چیمبر میں آئیں اور وجہ بتائیں کہ سوال کا جواب کیوں نہیں دیاگیا۔ سپیکر نے متعلقہ افسر کو یہ بھی حکم دیا کہ سیکرٹری آبی وسائل کو بھی پانچ منٹ میں بلالیں۔ چھٹا منٹ نہ ہونے دیں۔پیپلز پارٹی کے ایم این اے سید نوید قمر نے کہا کہ متعلقہ وزیر خود آئے نہ سوال کا جواب آیا۔ وزیر کو خود یہاں ہو نا چاہئے ۔اجلاس چل رہا ہے صرف ایک وزیر ایوان میں موجود ہیں،وزراء کی عدم دلچسپی پارلیمان کی توہین ہے۔ سپیکر نے کہا کہ میں ا س مسلہ کو خود دیکھتا ہوں۔