پنجاب میں انسداد تجاوزات مہم سے بیروز گار افراد کی بحالی کاحکم ، کسی کا چولہا نہیں بھجنے دینگے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

11 فروری ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افرادکی بحالی کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو چھوٹے کاربار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے، ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی،قائد محمد نوازشریف نے بھی تجاوزات سے متاثرہ افراد کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے، دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا ، نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا ،اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں۔ شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں۔ لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا۔ ، 1990ء کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی کے سفر میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا۔ مریم نواز شریف پنجاب کا فخر ہے۔ شہباز شریف اور مریم نواز نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کی ایک نئی روشن مثال قائم کی ہے۔ ۔ پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ ،سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ، محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نذیر، سہیل شوکت بٹ، ملک محمد وحید، خواجہ سلمان رفیق، ملک غلام حبیب اعوان اور چوہدری محمد نواز ،ملک اسد علی کھوکھر، ملک شہباز علی کھوکھر، عمران جاوید، رانا راشد منہاس، محمد انس محمود، عرفان شفیع کھوکھر، بلال یاسین، مرغوب احمد، ملک فیصل ایوب کھوکھر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔