تما م محکموں کو ترقیاتی پراجیکٹس کے پی سی ون فوری تیار کرنے کا حکم

11 فروری ، 2025

لاہور(آصف محمود بٹ ) وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر اربوں روپے کے ترقیاتی کامو ں اور پراجیکٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں قائم کئے گئے خصوصی سیل نے کام شروع کر دیا ہے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا ک ہممبر پلاننگ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی سربراہی میں اس خصوصی سیل نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ریجنل پلاننگ ونگ اور محکمہ سیاحت پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔ سیل نے ان محکموں کے لئے مختص بجٹ ، ریلیز ہونے والے فنڈز ،اب تک کئے خرچ کئے جانے والے فنڈز اور پراجیکٹس کی رفتار کا جائزہ لیا۔ دونوں محکموں سے پہلی بریفنگ میں ٹینڈرنگ پراسس کے لئے بنائے گئے ( پی سی ون) ، صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( پی ڈی ڈبلیو پی) ، پراجیکٹس کے لئے پہلے ٹینڈر، ٹیکنیکل بڈز( Tecnical Bids)، فنانشل بڈ(Financial Bids) اور دیئے گئے ورک آرڈرز کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کو پراجیکٹس کے لئے بنائے گئے پراسس میں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ زراعت، انرجی ، ٹرانسپورٹ، اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پراجیکٹس کے حوالے سے اپنی کارکردگی کی پراگرس بارے بریفنگ دے چکے ہیں ۔