اسلام آباد (رپورٹ : عاصم جاوید) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو آئین کے آرٹیکل 181 کے تحت سپریم کورٹ کا قائم مقام (ایکٹنگ) جج تعینات کرنے کی منظوری دی ۔ آئین کے آرٹیکل 181 کے مطابق جب سپریم کورٹ میں جج کی نشست خالی ہو یا سپریم کورٹ کا کوئی جج غیر حاضر ہو یا کسی وجہ سے وہ اپنے فرائض منصبی انجام دینے کے قابل نہ ہو تو ایسی صورت میں صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 177(1) کے تحت کسی بھی ہائیکورٹ کے ایسے جج جو سپریم کورٹ کا جج بننے کی صلاحیت رکھتا ہو ، کو عارضی طور پر سپریم کورٹ میں تعینات کر سکتا ہے،یہ جج ہائیکورٹ کا موجودہ یا ریٹائرڈ جج بھی ہو سکتا ہے،اس آرٹیکل کے تحت سپریم کورٹ میں کی گئی تعیناتی اس وقت تک برقرار رہ سکتی ہے جب تک صدر مملکت اسے واپس نہ لے۔