26ویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے، عمران خان

11 فروری ، 2025

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم کے بعد عدالتوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے،آرمی چیف کو خط اس لئے بھیجے کیونکہ تمام جمہوری راستے ختم کر دئیے گئے ہیں ، اپنی ٹیم کو بھی کہہ دیا کہ بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں، انہوں نے آئندہ ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکو ایک اور کھلا خط لکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ گزشتہ روز توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے سنسر شپ تھی اب پیکا بھی آگیا اور سوشل میڈیا کو بھی روک دیا گیا،پارلیمان فنکشنل نہیں ، یہ فراڈ پارلیمنٹ ہے، وزیراعظم ، صدر اور وزرا ءجعلی ہیں ، پارلیمنٹ سے کوئی امید نہیں ، مجھے کوئی امید نہیں تھی کہ حکومت سے بات چیت کامیاب ہو گی، ان کا کہنا تھاکہ ہم نے 8 فروری کا نہیں کہا ، صرف 9 مئی اور 26نومبر کیلئے جوڈیشل کمیشن کا کہا تھا، ان کے صرف دو مقاصد ہیں ، ایک 8 فروری کی دھاندلی نہ کھلے اور دوسرا مقصد ہے کہ پی ٹی آئی کو جیلوں میں رکھیں، ایسے میں بات چیت کا کیا فائدہ؟ ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت آج ختم ہو چکی ، ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کے رول آف لا ءانڈیکس میں پاکستان کا نمبر 142 میں سے 140 نمبر پر ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کا قتل عام کر دیا گیا ،میں جسٹس یحییٰ آفریدی کو کہنا چاہتا ہوں کہ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔