امید ہےترقی یا فتہ ممالک کلائمیٹ فنا نسنگ بارے اپنے وعدے پورے کرینگے،شہبازشریف

15 فروری ، 2025

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نےآب و ہوا میں تبدیلیوں کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کلائمیٹ فنانسنگ کے سلسلہ میں اپنے وعدے پورے کریں گے، پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبے میں اہم امور پر کام جاری رکھے گا۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی جانب سے پاکستان میں جاری اہم کام کو سراہا اور پائیدار ترقی اور آب و ہوا میں تبدیلیوں کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کے لئے عالمی حمایت مجتمع کرنے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے کردار کو سراہا۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے مضبوط سیاسی عزم کا اعادہ کیا۔