بھارتی وزیراعظم کی امریکہ آمد پرکشمیریوں اورسکھوں کے مظاہرے،مودی مخالف نعرے

15 فروری ، 2025

5 واشنگٹن(کے پی آئی)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاوس میں مالقات کے موقع پر کشمیریوں اور سکھوں نے مودی کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ہے ۔سکھ فار جسٹس اورفرینڈز اف کشمیر کے تحت مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے حصہ لیا ۔ مظاہرین نے وزیراعظم نریندر مودی کی امریکہ آمد کے موقع پربھارت مخالف نعرے لگائے اور کہا کہ امریکہ جیسے انسانی حقوق کی بالا دستی پر یقین رکھنے والے ملک میں "گجرات کے قصائی "اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث نریندر مودی جیسے شخص کو کسی بھی قیمت پر خوش آمدید نہیں کہا جا سکتا۔اس موقع پر سکھ رہنمائوں نے خالصتان کے قیام اور کشمیری رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔ فرینڈز اف کشمیر کی چیئر پرسن غزالہ حبیب نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی کے دور حکومت میں نہ صرف نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کاسلسلہ جا ری ہے بلکہ دیگر مذاہب اور اقلیتوں کو بھی شدید تعصب اورامتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔