شاہرگ میں دہشتگردی کی ذمہ دار ریاست اور حکومت ہے، این ڈی ایم

15 فروری ، 2025

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں شاہرگ میں مزدوروں کو بم دھماکے میں شہید و زخمی کرنے کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور ریاست و حکومت کو اس دہشت گردی کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی کے تمام عوام، سیاسی کارکنوں اورہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو بخوبی علم ہے کہ ضلع میں دہشت گردی کے تمام واقعات ریاستی سرپرستی میں تواتر کے ساتھ ہورہے ہیں اور اس دہشت گردی کے ذریعے ضلع کے تمام آبی و معدنی وسائل، کوئلے کے ذخائر اور عوامی زمینوں پر قبضہ کرکے ماہانہ کروڑوں روپے کا بھتہ لیا جارہا ہے اور ریاستی بھتہ خوری کے اس گھنائونے کاروبارکیلئے مختلف مسلح اور دہشت گرد گروپس بنائے گئے ہیں جن کی سرپرستی اور تحفظ دیا جا رہا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ریاستی اداروں کی بھتہ میں مزید اضافے کیلئے نہتے مزدوروں، ٹھیکداروں، عوام کا خون ناحق بہاکر کروڑوں روپے کی مائینز مشینری اور ٹرکوں کو جلایا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں عوام، مزدور، تاجر، ٹرانسپورٹر، سیاسی کارکنان، لیویز و پولیس سب یرغمال اور محصور ہیں ۔بیان میں کہا گیاہے کہ اس دہشت گردی و بھتہ خوری سے نجات اور امن کے قیام کیلئے پشتون قومی تحریک کی پارٹیوں سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کو مشترکہ طور پر قومی جمہوری مزاحمت کرنا ہوگی۔