بھارتی ریاست منی پورمیں صدارتی راج نافذ،پر تشدد جھڑپوں میں250سے زائد ہلاک ہوچکے

15 فروری ، 2025

امپھال(این این آئی) شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں جاری فسادات اور وزیراعلیٰ این برین سنگھ کے استعفیٰ کے بعد حکومت نے ریاست میں صدارتی راج نافذ کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منی پور کے وزیراعلیٰ این برین سنگھ نے گزشتہ ہفتے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد بھارتی صدر دروپدی مرمو نے گورنر اجے کمار بھلا کی رپورٹ پر ریاست میں صدارتی راج نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ منی پور میں 2023ء سے جاری تنازعے میں اکثریتی میتی ور اقلیتی کوکی قبائل کے درمیان جاری پر تشدد جھڑپوں میں اب تک 250سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔ ریاست میں کوکی برادری کو دی جانے والی معاشی سہولتیں اور نوکریوں میں کوٹہ میتی برادری کو بھی دینے سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد دونوں قبائل کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ دونوں قبائل کے درمیان خونی تصادم کے دوران بھارتی حکومت نے منی پور میں صدارتی راج نافذ کر کے ریاست کا کنٹرول گورنر اجے کمار بھلا کو سونپ دیا ہے۔ مودی حکومت کا کہنا ہے منی پور میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی کی ایک بڑی وجہ میانمار کے مہاجرین کا ریاست میں داخلہ بھی ہے۔ منی پور میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور بھارتی حکومت کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔