بیگناہوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ وزراء/ ارکان اسمبلی

15 فروری ، 2025

کوئٹہ (خ ن+ایجنسیاں)ـصوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے حکومت جامع منصوبہ بندی پر غور کررہی ہے،تاکہ آئندہ اس طر ح کے واقعات نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کمپنی کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو پانچ، پانچ لاکھ معاوضہ دیاجائے گا اور زخمیوں کا علاج اور کراچی تک لے جانے کا خرچہ بھی یہی کمپنی برداشت کرے گی۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت بلوچستان اپنی طرف سے بھی شہداء اور زخمیوں کے علاج کے لئے جلد اعلان کرے گی۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات و میر سلیم احمد کھوسہ نے تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت اور9 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی معافی کے مستحق نہیں،بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ درایں اثناء صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ ،صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار ڈومکی اورصوبائی پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے شاہرگ ہرنائی میں مزدوروں پر دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوسابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے ہرنائی میں مزدوروں کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کر تے ہوئے بے گناہ مزدوروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ افراد کے قتل عام سے حقوق حاصل نہیں ہونگے اس طرح کے گھنائونے عمل سے برادر اقوام میں نفرتیں بڑھیں گی، صوبائی حکومت کانکنوں کی سیکورٹی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ افسوسناک اور دلخراش واقعے میں زخمی کان کنوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری ،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی اورسابق وزیرداخلہ میرضیااللہ لانگو نے ہرنائی میں مزدوروں پرہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور محنت کشوں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔صوبائی وزیر لائیو اسٹاک فیصل خان جمالی نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گرد کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر منظوراحمد کاکڑ نےکہا کہ نہتے مزدوروں پر دلخراش حملہ قابل مذمت فعل ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ شاہرگ واقعہ میں ملو ث دہشت گردوں کو جلد گرفتارکرکے قانون کے مطابق سزاء دی جائے۔ جمعیت نظریاتی کے مرکزی قائم مقام امیرمواناعبدالقادرلونی جنرل سیکرٹری مفتی احمدعلی ثانی مفتی شفیع الدین سیدحاجی عبدالستارشاہ چشتی حاجی حیات اللہ کاکڑ عبیداللہ حقانی نے کہاکہ دہشت گردکسی رعایت کے مستحق نہیں حکومت مزدوروں اورعوام کاتحفظ یقینی بنائے۔