آزادی اظہاراور پرامن احتجاج پر قدغن غیر آئینی عمل ہے، اے این پی

15 فروری ، 2025

کوئٹہ(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، صوبائی نائب صدر عبدالمالک کاکڑ ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری نقیب افغان ،ضلعی صدور اصغرعلی ترین ایڈووکیٹ منظور کاکڑ عبدالخالق حقمل ضلعی و تحصیل ذمہ داران سینئر ارکان اعظم جان غلزئی حاجی احسان اللہ کاکڑ گل زمان اچکزئی عبدالوہاب کاکڑ محمد افضل عصمت وارخطا گل شیر عبد الرحمان نعیم خان گل جانو سمیت پشتون قوم پرست سیاسی پارٹی کے رہنماؤں ذمہ داران اور کارکنوں پر ژوب قلعہ سیف اللہ لورالائی اور چمن میں ایف آئی آر کٹوانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج پر قدغن غیر آئینی عمل ہے، حقیقی قوم دوست سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکن جب حکومت ریاست اور انتظامیہ کو اپنے فرائض منصبی میں کوتاہی کی بات کرتے ہیں تو بجائے اس کے کہ حکمران ان خامیوں پر قابو پاتے وہ ان کارکنوں پر بے بنیاد جعلی مقدمات کا اندراج کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دفعہ 144کے نفاذ سے ان کوتاہیوں پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا ۔عدلیہ سے حکومت کی جانب سے اس بے جا اور غیر ضروری نوٹیفیکیشن کو رائے عامہ کے مفاد کی خاطر کالعدم کرنے کی استدعا کرتے ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ سیاسی کارکن ان بے بنیادمقدمات سےماضی،آج اور نہ ہی آئندہ خائف ہوں گے لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرے۔درایں اثناء صوبائی بیان میں تحصیل شاہرگ میں بے گناہ نہتے محنت کشوں کی گاڑی پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بے گناہ مزدور گھر بار چھوڑ کر سیکڑوں میل دور اپنے خاندان کی کفالت کی خاطر زیرزمین ہزاروں فٹ خون پسینہ ایک کرکے دو وقت کی روٹی کماتے ہیں اور ہر وقت موت سے نبردآزما ہوتے ہیں، ریاست عوام کی جان ومال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ۔