ہرنائی میں دہشتگردانہ واقعات‘ حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی‘ پشتونخوانیپ

15 فروری ، 2025

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری بیان میں ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کول مائنز کے مزدوروں کو لے جانے والے گاڑی کو بارودی آئی اے ڈی سے اڑانے کے دہشتگردانہ واقعے میں 10 پشتون مزدوروں کی شہادت اور 6 کے زخمی ہونے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کاواقعے کے بعد حکومت کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ ہرنائی ضلع میں متواتر دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں ،ایک جانب سالانہ 100 ارب روپے امن وامان کے نام پر غریب صوبے کے لوگوں کے پیٹ کاٹ کر وصول کئے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب صوبے میں امن وامان کے نام کا کوئی چیز موجود نہیں، آئے روز دہشتگردی، اغواء برائے تاوان وبھتہ خوری کے واقعات ہورہے ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔درایں اثناء صوبائی بیان میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام مختلف ہاؤسنگ منصوبوں اور سکیموں جس میں شالکوٹ، درخشاں، کرانی، تھنک ٹینکانی ہائوسنگ سکیم اور زرغون ہاؤسنگ سکیم جیسے منصوبوں پر مختلف ٹیکس لگانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ کیو ڈی اے صوبے کا واحد ترقیاتی ادارہ ہے جو صوبے کی مجموعی ترقی اور خاص طور کوئٹہ شہر کی بہتری کیلئے قائم کیا گیا تھا اور ماضی میں کیو ڈی اے نے شہر کی ترقی کیلئے بہترین منصوبے بنائے جبکہ گزشتہ کئی سال سے یہ ادارہ زبوں حالی کی صورتحال سے دوچار اور اس کے تمام ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہوچکے ہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیاگیا کہ وزیراعلیٰ اور چیئرمین کیو ڈی اے صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور تمام سیکموں میں صرف پلاٹوں کی ادائیگی کی اقساط کو برقرار رکھتے ہوئے باقی تمام چارجز کو فوراً ختم کریں اور ان سکیموں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔