دشمن کی پاکستان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائیگا‘ علی حسن

15 فروری ، 2025

حب ( پ ر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما صوبائی وزیر برائے زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے ہرنائی میں دہشت گردوں کی جانب سے بے گناہ کانکنوں کی گاڑی کونشانہ بنانے کے واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ واقعہ بزدل دشمنوں کی کارروائی ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے نہتے اور بے گناہ کانکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے واقعہ میں 10 سے زائد کانکنوں کی شہادتوں اور متعدد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کا مقصدملک میں افراتفری پھیلانا ہے ۔ پوری قوم شہداء کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کانکنوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے ،دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات کا مقصد عوام میں انتشار پھیلانا اور سیاسی و معاشی استحکام کی جانب گامزن پاکستان کو کمزور کرنا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ عزم و ہمت سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور جلد ان بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے واقعہ میں شہید کان کنوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔