کوئٹہ/ہرنائی ( اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار/خ ن) ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکری میں کانکنوں کی پک اپ دہشتگردوں کی بچھائی بارودی سرنگ سے ٹکراجانے کے نتیجے میں 11 کانکن جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ جمعہ کی صبح 17کانکن پک اپ میں سوار ہو کر سودا سلف کی خریداری کیلئے بازار جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی بارود ی سرنگ سے ٹکر گئی ۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ گاڑی میں سوار مزدوروں کے جسمانی اعضاء دور تک بکھر گئے اور گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی جبکہ دھماکہ کی جگہ گہرا گڑھا بن گیا۔ دھماکے کے سات زخمیوں کو ٹراما سنٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جن میں تین کی حالات تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کے نام محترم خان ٗ عبدالمالک ٗ عمیر علی ٗ بخت ظاہر ٗ یار زادہ ٗ محمد رضوان اور سبز علی بتائے گئے ہیں جن میں محترم خان ٗ عمیر علی اور بخت ظاہر کی حالت تشویشناک ہے ۔منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما ڈاکٹر ارباب کامران نے بتایا کہ زخمیوں کے علاج و معالجہ کیلئے ٹراما سنٹر کی پوری ٹیم سر توڑ کوششیں کر رہی ہے۔ ہرنائی سے نامہ نگار کے مطابق بم دھماکے میں جان بحق دس مزدوروں کی لاشیں انکے آبائی علاقے کے پی کے روانہ کردی گئیں۔ قبل ازیں مرنے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ شاہرگ فٹ بال گراوُنڈ میں ادا کی گئ نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ کی ہدایت پر جان بحق افراد کی لاشوں کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی سلیم خان ترین کی نگرانی میں ایمبولینسزکے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتہائی سوگ کا سما اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔گورنربلوچستان جعفر مندوخیل نے دہشتگردی کے واقعہ میں مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے. اپنے بیان میں انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ہر مزدور اپنے خاندان کا واحد کفیل ہوتا ہے اور مزدور کے جان بحق ہونے سے پورا خاندان تباہ ہو جاتا ہے. انہوں نے تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔وزیر اعلیٰ نے زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں اور حکومت بلوچستان انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ بلوچستان حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی امن دشمن سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ عوام کے تعاون سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت دہشت گرد عناصر کو کسی صورت امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم د یتے ہوئےتمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد اس واقعے کے محرکات اور ملوث عناصر کو بے نقاب کریں انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہرنائی سے نامہ نگار کے مطابق ایک زخمی راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا اس طرح شاہرگ بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعد گیارہ اور زخمیوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
پشاور گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو جو ٹاسک اسلام اباد سے ملتا...
اسلام آباد ایک خوش آئند پیش رفت کے طور پر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان کاٹن جنرز...