سپریم کورٹ میں6ججوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

15 فروری ، 2025

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)حال ہی میں سپریم کورٹ کا حصہ بننے والے چھ مستقل ججوں اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیاہے ان سے یہ حلف چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے لیا ہے ،اس حوالے سے جمعہ کے روز منعقدہ تقریب میں حلف لینے والوں میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہوار اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل تھے جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے قائم مقام جج کے عہدہ کا حلف اٹھایا ،تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججوں، اٹارنی جنرل، ججوں کے اہلخانہ، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے عہدیداران،صحافیوں اور عدالتی عملہ نے شرکت کی، تقریب میں شریک ہونے والے سپریم کورٹ کے ججوں میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر،جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللہ اور دیگر جج شامل تھے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی شرکت کی۔