پاکستان کی معاشی اصلاحات کو تسلیم کرتے ہیں،IFCسربراہ کی وزیراعظم اور وزیرخزانہ سے ملاقاتیں

15 فروری ، 2025

اسلام آباد (اے پی پی) ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ نےکہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت میں پاکستان میں نجی شعبے کے آپریشنز کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی حکومت کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی جاری کامیاب معاشی اصلاحات کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان کیساتھ ملکر کام کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقاتوں کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مختلف پروگرامز کو ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرعی انکم ٹیکس میں نمایاں پیشرفت ہوگئی،معیشت کوترقی دینگے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مختار ڈیوپ سے ملاقات میں پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے برآمدات کے ذریعے ملکی ترقی پر توجہ دینے اورملکی معیشت کے پورے ایکو سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن اور افرادی قوت بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مختلف پروگرامز کو ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ ملاقات میں پاکستان میں آئی ایف سی کے جاری اور ممکنہ و متوقع اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ اور وزارت خزانہ و اقتصادی امور کے سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک گروپ کی پاکستان میں حال ہی میں 40 بلین امریکی ڈالر کے بے مثال عزم کے ساتھ جاری کردہ دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-35) کے اجراء کو سراہا۔