آرمی چیف کا SIFC کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ، جدید زرعی مشینری کا معائنہ

15 فروری ، 2025

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایس آئی ایف سی کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ کیا اور جدید زرعی مشینری کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے، اس موقع پر شرکاء کو بریفنگ بھی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وصوبائی وزرا اوراعلیٰ حکومتی عہدیداران نے ایس آئی ایف سی کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے تین منصوبوں اسمارٹ ایگری فارم، گرین ایگری مالز اور ایگری ریسرچ سہولت سنٹرکا باقاعدہ افتتاح کیا ، شرکاء کو زرعی شعبے کی ترقی کیلئے استعمال ہونے والی جدید زرعی مشینری کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ عام کسانوں کی تربیت کیلئے اسمارٹ ایگری فارم کا قیام، ملک کی 95 فیصد زراعت کی ترقی کا ضامن ہے۔ آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے جی پی آئی کی کاکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ کسانوں کو مشینری خریدنے کے بجائے آسان کرائے پر حاصل کرنے کے مواقع میسرہوں گے،جدید آبپاشی کے نظام کے قیام کیلئے پنجاب بھر میں 25 گرین ایگری مال تیار سال کے اختتام تک ملک بھر میں 250 گرین ایگری مال کی تکمیل متوقع ہے۔