حکومت کا ججز کیخلاف ریفرنس بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، عرفان صدیقی

15 فروری ، 2025

لاہور(جنگ نیوز)مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ان کے علم میں نہیں کہ حکومت ریفرنس لانے کا سوچ رہی ہے یا نہیں۔’جیونیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت کا ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، ججز میں تقسیم میں کوئی نئی بات اور کوئی اچھی بات بھی نہیں ہے۔ عدالتیں، صوبے اور انتظامیہ کام کر رہی ہے، ملک کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، سیاسی عدم استحکام نے کیا بگاڑ لیا؟پی ٹی آئی اپوزیشن سے بات چیت کر رہی ہے، اچھی بات ہے، پی ٹی آئی جہاں کمفرٹیبل ہے وہاں ضرور بات کرے۔ پی ٹی آئی بات چیت سے پہلے بتا دے کہ سول نافرمانی پر قائم ہے یا نہیں، کیا آج بھی 9 مئی اور 26 نومبر جیسا احتجاج کرنا چاہتی ہے؟