مصطفیٰ کی بازیابی کیلئے پولیس نے ارمغان کے گھر چھاپہ ماراتھا

15 فروری ، 2025

کراچی( ثاقب صغیر/اسٹاف رپورٹر )پولیس اور سی پی ایل سی نے 8 فروری کو ملزم ارمغان کے گھر واقع ڈیفنس خیابان مومن گلی نمبر7بنگلہ نمبر 35 میں مغوی مصطفیٰ کی بازیابی کے لیے کارروائی کی تھی جہاں ملزم ارمغان نے پولیس پر جدید اسلحے سے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور کانسٹیبل محمد اقبال گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تھے‘پولیس پہلے فلور پر پہنچی تو ملزم نے دوسرے فلور سے جدید ہتھیاروں سے پولیس پر فائرنگ کی۔پولیس نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد موقع سے ملزم ارمغان کو گرفتار کر لیا تھا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے مغوی مصطفیٰ عامر کا موبائل فون، بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے تھے ۔ملزم ارمغان سے برآمدہ اسلحے میں Mp-47 رائفل بمع گولیاں، ایک عدد اسناپئر گن میگنم، ایک عدد ایم پی فور گن، ایک عدد 222 رائفل ، 350 گولیاں نائن ایم ایم ، 800 گولیاں رائفل 222، 400 گولیاں رائفل WP-47 ، رائفل 224 کی 210 گولیاں ، رائفل 223 کی 600 گولیوں کے علاوہ 64 لیپ ٹاپ اور 10 کالنگ ہیڈ فون برآمد کیے گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم ارمغان کے خلاف کسٹم ،گذری اور درخشاں تھانوں میں مختلف مقدمات درج ہیں اور ملزم اس سے پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔