کے پی کا افغانستان سے امن مذاکرات کیلئے دو وفود بھیجنے کا منصوبہ، وزارت خارجہ لاعلم

17 فروری ، 2025

اسلام آباد (صالح ظافر) وزارت خارجہ نے خیبر پختونخوا (کے پی کے) حکومت کے افغانستان کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے دو وفود بھیجنے کے منصوبے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان شفاعت علی خان نے جنگ کے استفسار پر یاد دلایا کہ آئین کے تحت خارجہ امور وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے گزشتہ روز یہ انکشاف کیا کہ وفود بھیجنے کے لیے اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد وہ وفاقی حکومت سے مشاورت کرے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے وفود اس وقت روانہ کرے گی جب اسے وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت مل جائے گی۔