ڈسکوز کو نیپرا ہدف سے بھی 25فیصد زیادہ نقصانات کا انکشاف

17 فروری ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )ڈسکوز کو پانچ سالوں میں نیپرا کے مقرر کردہ ہدف سے بھی مجموعی طور پر 25اعشاریہ 21فیصد زیادہ نقصانات کا انکشاف ہوا ہے، یہ نقصان انتظامی نقصانات کے زمرے میں آتے ہیں جن میں بجلی چوری بھی شامل ہے، وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بعض ڈسکوزکے یہ نقصانات نیپرا کے مقرر کردہ ہدف سے بھی 89 فیصد سے زیادہ ہیں ،10 ڈسکوز کو سال 2020ء میں نیپرا کے مقرر کردہ ہدف سے زیادہ ترسیل و تقسیم نقصانات 4اعشاریہ 36فیصد ، 2021میں 4اعشاریہ 62، سال 2022میں 4اعشاریہ 62، سال 2023میں 5اعشاریہ 10اور سال 2024ء میں 6اعشاریہ 51فیصد ہوئے ، تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ بجلی چوری یا ڈسکوز کیلئے مقررہ حد سے تجاوز کرنے والے نقصانات کو ریگولیٹر صارفین کے ٹیرف میں منتقل نہیں کرتا ، تاہم ان نقصانات کے باعث بجلی پیدا کرنے والوں کو بروقت ادائیگیاں نہیں کی جاتیں اور اس کے نتیجے میں سود کی ادائیگی کیلئے حکومت پاکستاان نے صارفین پر ڈیبٹ سروس چارجز عائد کیا ہے ،2024کے دوران بجلی چوری میں ملوث افراد کیلئے دو لاکھ سات ہزار 820ایف آئی آر درج کی گئیں ، 61ہزار 213افراد کو گرفتار کیا گیا ، صارفین کو12ارب پانچ کروڑ روپے کے ڈیٹیکشن بلز جاری کئے گئے اور ان سے ساڑھے پانچ ارب روپے کی وصولی کی گئی ۔