چینی کی قیمت کو بریک نہ لگ سکی، اڑھائی ماہ سے اضافے کا رجحان جاری

17 فروری ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) ملک میں چینی کی مسلسل بڑھتی قیمت کو بریک نہ لگ سکی،مسلسل اڑھائی ماہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، سال 2025کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران ملک میں چینی اوسط پندرہ روپے تریسٹھ پیسے اور گزشتہ اڑھائی ماہ میں چینی کی اوسط قیمت بائیس روپے بیالیس پیسے فی کلو بڑھ گئی ہے جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت ایک سو چون روپے ستائیس پیسے فی کلو پرپہنچ چکی ۔ سر کاری دستاویز کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 15 روپے 63 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا اور گزشتہ اڑھائی ماہ کے دوران چینی کی اوسط قیمت 22 روپے 42 پیسے فی کلو بڑھی-سال 2025 کے آغاز پرملک میں چینی کی اوسط قیمت 138 روپے 64 پیسے اور اڑھائی ماہ قبل چینی کی اوسط قیمت 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی جو بڑھ کر اب154روپے27 پیسے فی کلوپر پہنچ چکی جبکہ ایک سال قبل یعنی15 فروری2024 کوملک میں چینی کی اوسط قیمت 144روپے48 پیسے فی کلو تھی-موجودہ حکومت نےجون 2024سےلیکر اکتوبر2024 کےدوران مجموعی طور پر7 لاکھ 50 ہزارمیٹرک ٹن چینی برآمدکرنےکی اجازت دی،اکتوبر2024میں آخری بار5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی اورنومبرکے آخرسے لیکر اب تک چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کےباعث شہریوں کےجیبوں سے اربوں روپےاضافی نکال لیےگئے۔